لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبے بھر میں بلدیاتی انتخابات نومبر کے وسط میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں اپنے کارکنوں کو متحرک کرنے کے لئے گلی محلوں میں پارٹی آفس کھولنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن اور محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کے اہم اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن پنجاب ستمبر کے آخر تک حلقہ بندیوں کا مکمل
کرلے گا۔ دو مراحل میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا حتمی مرحلہ جنوری 2021ء کے وسط تک مکمل کرلیا جائے گا۔ جبکہ اکتوبر اور نومبر کے 15دن انتخابات کی تیاریوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے گلی محلوں میں دفاتر کے قیام کا عمل اور کارنر میٹنگیں عید الاضحی کے فوری بعد شروع کردی جائیں گی اور پارٹی کارکن روزانہ کی بنیاد پر پارٹی قیادت کو رپورٹ پیش کیا کریں گے۔ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں نیبر ہڈ کونسلز اور پنچائتی کونسلز کے انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔