لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل سے کورونا کے مریضوں کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے ،ہسپتالوں میں 60فیصد جگہ خالی ہے ۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ ہمارے ٹیسٹ ڈبلیو ایچ او کے
پروٹو کول کے تحت ہورہے ہیں،مثبت آنیوالے مریضوں کی کنٹیکٹ ٹریسنگ کررہے ہیں،عالمی ادارہ صحت کی ہدایت کے مطابق متاثر ہ مریضوں کے دوبارہ ٹیسٹ نہیں لیے جارہے ،جس کی علامات ہوں گی اس کا ضرور ٹیسٹ ہوگا،اگرکسی کا ٹیسٹ مثبت آتا ہے تو اس سے رابطے میں رہنے والوں کا پتا کیا جاتا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عیدالاضحٰی کے موقع پرمویشی منڈیاں لگیں گی،ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو کورونا پھیلنے کا زیادہ خدشہ ہے ،منڈیوں میں آنیوالے لوگ دیہات سے آتے ہیں اگر وہ واپس کورونا لے گئے تو یہ دیہات میں بھی پھیل سکتا ہے ،دیہات ابھی تک کورونا سے بچے ہوئے ہیں،لاہور میں جہاں مریض زیادہ آرہے ہیں ان علاقوں کو دوبارہ بند کریں گے ،صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ ہر ماہ 10سے 12 ایڈہاک ڈاکٹر نوکری چھوڑتے ہیں،یہ کوئی بڑی خبر نہیں،ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے غلطی ہوئی ہے کہ سب کا ایک ساتھ نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔