لاہور(این این آئی) صوبائی دارا الحکومت میں کٹ اینڈ ویلڈ اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی سپرداری کا انکشاف ہوا ہے ، ایک سو ترپن گاڑیاں ملی بھگت سے من پسند افراد کو دی گئی، انکشاف ہونے پر گاڑیاں واپس لے کر انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق شہر میں سپرداری پر چلنے والی نان کسٹم، کٹ اینڈ ویلڈ اور ٹیمپرڈ گاڑیوں کا سکینڈل سامنے آ گیا ہے۔ پولیس کی ملی بھگت سے دی گئی ایک سو ترپن بڑی گاڑیاں سپر داروں سے واپس لے لی گئیں، جس کے بعد اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف کے
چار اہلکاروں کیخلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔بااثر افراد کی جانب سے نان کسٹم پیڈ گاڑیاں منگوا کر خود ہی پولیس کو پکڑوا دی جاتیں اور بعد میں سپرداری پر حاصل کر لی جاتی تھیں، جس سے انکی قانونی حیثیت بحال ہو جاتی۔ پولیس نے گاڑیوں کی سپرداری کیلئے جعلی ضمانتیں دینے والوں کی بھی فہرست بھی تیار کر لی ہے۔جعلی ضامن عدالتی عملے کی ملی بھگت سے جعلی رجسٹریوں پر سپرداری کرواتے تھے۔ پولیس نے آئندہ پکڑی جانیوالی ٹیمپرڈ گاڑیاں سپرداری پر نہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔