اسلام آباد (این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد غلاف کعبہ کی دس روزہ نمائش کا افتتاح وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کیا ،نورالحق قادری نے غلاف کعبہ اور دیگر تبرکات کا معائنہ کیا،نمائش تین جولائی تک جاری رہیگی۔ پیر نور الحق قادری نے کہاکہ ہمارا حج کے حوالے سے سعودی حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ تھا، ہم نے سعودی حکام سے کہا کہ جو فیصلہ آپ کریں گے ہم تسلیم کریں گے، پاکستانی قوم کی سعودی عرب
کے ساتھ حرمین شریفین کی وجہ سے خاص نسبت ہے۔پیر نورالحق قادری نے کہاکہ اتنی خوبصورت نمائش منعقد کرنے پر میں سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایسی نمائش مسلمانوں کو اسلامی شعائر سے وابستہ رکھنے کا ذریعہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ جو حج پر نہیں جا سکے ان کو پیسے واپس کئے جائیں گے، بینکوں کے ساتھ شیڈول بنا رہے ہیں جلد پیسے واپس کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے وبا سے نجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔