اسلا م آباد(آن لائن) سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح بن بنتن نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے اور حج سے متعلق فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔ ترجمان مذہبی امور عمران صدیقی کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج کی ادئیگی سے متعلق پریس ریلیز جاری کر دی ہے۔ پریس ریلیز کے متن کے مطابق اس سال صرف سعودی شہری اور اقامہ ہولڈر ہی حج ادا کریں گے۔
کورونا وبا کے خطرات سے بچنے کیلئے سعودی حکومت نے غیر ملکی حجاج کی میزبانی سے معذرت کر لی ہے۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق وزارت مذہبی امور نے نئی صورتحال کے تحت ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے۔اجلاس میں عازمین حج کی رقوم کی واپسی سے متعلق طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سفیر، سفارتی عملہ اور پاکستان حج ڈائریکٹریٹ امسال حج میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ سعودی وزیر حج سے ٹیلی فونک گفتگو کے حوالے سے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کاکہناتھاکہ حج کی محدود پیمانے پر ادائیگی کے سعودی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔یہ فیصلہ شریعت کے حکم اور موجودہ حالات کے عین مطابق ہے۔سعودی وزیر حج نے اعلان سے پہلے ہمیں اعتماد میں لیا، جسکے لئے ہم شکر گذار ہیں۔ عالم اسلام کے حجاج کرام کو کرونا وبا سے بچانے کیلئے ایک مشکل مگر دانشمندانہ اقدام ہے۔دنیا بھر میں جاری اس موذی وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے سعودی فیصلے کی تائید کرتے ہیں: پیر نور الحق قادری نے کہا شاہ سلیمان بن عبد العزیز اور سعودی حکومت نے ہمیشہ حجاج کیلئے بہترین سہولیات کو یقینی بنایا ہے۔حجاج کرام کی ہر ممکن بہبود کیلئے خادمِ حرمین شریفین کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وزارتِ مذہبی امور نے پاکستانی حجاجِ کرام کو رقوم کی واپسی کا فیصلہ کر لیا۔ضروری امور طے کرنے کے بعد حجاج کرام کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع کر دی جائے گی۔پاکستانی حجاج کو رقوم کی واپسی کیلئے طریقہ کار کا اعلان جلد کیا جائے گا۔