اسلام آباد (این این آئی)کرونا وائرس از خود نوٹس کیس میں سندھ حکومت نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی جس میں کہاگیاہے کہ سینٹری ورکرز کو حفاظتی طبی سامان مہیا کیا جارہا ہے،سینٹری ورکرز کی تنخواہیں ایک ہفتے میں ادا کر دی جائیں گی۔ پیر کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہاگیا کہ سینٹری ورکرز کو حفاظتی طبی سامان مہیا کیا جارہا ہے،سینٹری ورکرز کی تنخواہیں ایک ہفتے
میں ادا کر دی جائیں گی۔رپورٹ کے مطابق سینٹری ورکرز کو پی پی ایز کی مسلسل فراہمی کیلئے بجٹ میں فنڈ مختص کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ۔ رپورٹ کے مطابق سینٹری ورکرز سے متعلق قانون سازی بھی کی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کرونا مریضوں کی تعداد 32 ہزار 910 سے بڑھ کر 59 ہزار 983 تک پہنچ گئی ہے،بروقت اقدامات کے سبب کرونا مریضوں کی ریکوری 49 فیصد سے بڑھ کر 49.6 فیصد ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سندھ میں کرونا کیوجہ سے شرح اموات 1.5 فیصد ہے۔رپورٹ کے مطابق سندھ میں 7 جون تک کل 3 لاکھ 29 ہزار 443 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے،آئیسولیشن سینٹرز میں 11680 اور آئی سی یوز میں 332 بیڈز دستیاب ہیں۔رپورٹ کے مطابق 21 لیبارٹریوں میں روزانہ 11 ہزار 486 ٹیسٹ کیے جارہے ہیں،کرونا متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون کیا جارہا ہے۔