کوہاٹ(این این آئی) کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں محبت کی لازوال داستان رقم ہوگئی جہاں بوڑھا خاوند اپنے جیون ساتھی کی طبعی موت کا صدمہ برداشت نہ کرسکا اور دونوں ایک ساتھ موت کو گلے لگا کر مرتے وقت بھی جدا نہ ہوئے۔مقامی میڈیا کے حوالے سے یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق درہ آدم خیل کے گاؤں رحیم کلی زرغن خیل میں حاجی نورمست کی اہلیہ مبینہ طورپر گردوں کی بیماری میں مبتلا ہوجانے کی وجہ سے اتوار کی صبح انتقال
کرگئی جس کی موت کی خبر سن کرمرحومہ کے خاوند حاجی نورمست یہ صدمہ برداشت نہ کرسکے اور دل کا دورہ پڑنے سے وہ بھی چل بسے اور یوں دونوں میاں بیوی سفر آخرت میں بھی شریک سفر بنے۔دونوں کے جنازے ایک ساتھ گھر سے اْٹھ گئے تو عزیز اقارب اس صدمہ پر نہایت رنج زدہ دکھائی دے رہے تھے اور ہر آنکھ پرنم تھی ۔بعدازان دونوں کی نمازہ جنازہ ایک ساتھ پڑھائی گئی جس کے بعددونوں میاں بیوی کو آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔