اسلام آباد (آن لائن) وزیردفاع پرویز خٹک کا بی این پی رہنماء سردار اختر مینگل سے ٹیلی فونک رابطہ، ملاقات کے لئے سردار اختر مینگل سے وقت مانگ لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو وزیردفاع پرویز خٹک نے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ اختر مینگل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان سے ملاقات کا وقت مانگا جس پر سردار اختر مینگل نے کہا کہ بات چیت کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں اور جو بھی ملک اور
بلوچستان کے مفاد میں ہوا اس پر بات چیت کر سکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنما آج (ہفتہ) کو اہم ملاقات کریں گے جس میں پرویز خٹک سردار اختر مینگل کو حکومت میں واپسی کے لئے رضامند کرنے اور بلوچستان سے متعلق اہم سیاسی امور پر بات چیت کریں گے۔ واضح رہے کہ سردار اختر مینگل نے حکومت سے اپنا اتحاد توڑ دیا تھا کیونکہ ان کے 9نکاتی مطالبات پر حکومت کی طرف سے کوئی عملدرآمد نہیں ہو سکا تھا۔