اسلام آباد (این این آئی)مہلک وبا کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مزید چار سیکٹرز کو سیل کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے سیکٹر آئی ایٹ تھری، فور اور آئی ٹین ون اور ٹو کو سیل کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق آئی ایٹ اور آئی ٹین مراکز بھی بند رہیں گے ، ان علاقوں کو سیل کرنے کے احکامات کا
اطلاق منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے ہو گیا ہے،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان متاثرہ علاقوں کی ناکہ بندی کے لیے پولیس، رینجرز اور فوج سے مدد طلب کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کیے گئے علاقوں میں صرف میڈیکل اسٹورز اور اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔خیال رہے کہ انتظامیہ کی جانب سے سیکٹر جی نائن ٹو اور تھری کو پہلے سیل کیا گیا ہے۔