اسلام آباد (این این آئی)ملک میں کورونا سے مزید 88 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2872 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کرکے 151208 تک پہنچ گئی ہے،56390 مریض صحتیاب ہوگئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق منگل کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 4331 کیسز اور 88 اموات رپورٹ ہوئی ہیں
جن میں پنجاب سے 1740 کیسز 50 اموات، سندھ 2287 کیسز 33 اموات، اسلام آباد288 کیسز 5 اموات اور آزاد کشمیر سے 16 کیسز سامنے آئے ہیں۔پنجاب سے کورونا کے مزید 1740 کیسز اور 50 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 55878 اور اموت 1081 تک جا پہنچی ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا سے 17730 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔سندھ سے کورونا کے مزید 2287 کیسز اور 33 اموات رپورٹ ہوئی جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔مراد علی شاہ نے بذریعہ ٹوئٹر بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11819 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2287 نئے کیسز سامنے آئے اور مزید 33 مریض انتقال کرگئے۔وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے میں کل کیسز کی تعداد 57868 اور اموات 886 ہوگئی ہیں۔وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے بھر کے 2287 کیسز میں سے 1436 نئے کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ مزید 1222 مریض صحتیاب ہوئے جس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 29245 ہوگئی ہے۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا کے مزید 288کیسز اور 5 اموات سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 8857 ہوگئی ہے، انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 83 ہو چکی ہے۔اسلام آباد میں
اب تک کورونا وائرس سے 2037 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔آزاد کشمیر سے کورونا کے مزید 16 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں،آزاد کشمیر میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 663 ہوگئی ہے اور اموات کی تعداد 13 ہے،سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 254 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔منگل کو خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 24 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 731 تک جاپہنچی ہے۔