اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف سائنسدان اوروزیراعظم کورونا ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹرعطاءالرحمن نے کہا ہے کہ تسلیم کرتا ہوں کہ کورونا کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے، کورونا سے یومیہ اموات کی تعداد غلط بتائی جا رہی ہے۔
کورونا وائرس کی اکثر اموات کو شمار ہی نہیں کیا جا رہا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ ملک میں اگر 2 یا 3 ہفتے کا سخت لاک ڈاؤن کیا جاتا تو آج صورتحال یہ نہ ہوتی۔تسلیم کرتا ہوں کہ ہم کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اگر ماسک پہننے کے ایس اوپیز پر عمل کروایا جاتا تو 80 سے 90 فیصد کیسز میں کمی ہو سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے یومیہ اموات کی تعداد غلط بتائی جا رہی ہے۔ کورونا وائرس سے اموات کی شرح 3 یا 4 گنا ہےجبکہ کورونا وائرس کی اکثر اموات کو شمار ہی نہیں کیا جا رہا۔ کورونا سے اموات صرف پھیپھڑوں کے فیل ہونے سے نہیں، بلکہ ہارٹ اٹیک، سٹروک اور گردوں کا فیل ہونا بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کورونا وائرس کو حقیقت نہیں سمجھ رہی۔ جس سے صورتحال بہت خراب ہے۔ اگر مکمل لاک ڈاؤن کیا تو لوگ بھوک سے مر جائیں گے۔ اس لیے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کو فوج اور رینجرز کی مدد سے سیل کیا جا سکتا ہے۔