اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) (ن) لیگ کے رہنما اکمل مرزا کورونا وائرس سے انتقال کرگئے۔نجی ٹی وی کے مطابق اکمل مرزا راولپنڈی میں پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات تھے جنہیں چند روز قبل کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔اکمل مرزا بے نظیر بھٹو ہسپتالمیں زیر علاج تھے جہاں چند روز سے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف
نے پارٹی کے راولپنڈی کے سیکرٹری اطلاعات اکمل مرزا کی کورونا سے وفات پر دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ اکمل مرزا انتہائی نفیس اور عوام کی خدمت کرنے والی فعال اور متحرک شخصیت تھے ،پارٹی، جمہوریت اور عوام کے لیے ان کی خدمات قابل تعریف ہیں ،اکمل مرزا جیسے مخلص کارکنان پارٹیوں کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، ان کی کمی پارٹی میں تادیر محسوس ہوتی رہے گی۔