اسلام آباد(این این آئی)پنجاب کا دارالحکومت لاہور کورونا وائرس کا سب سے بڑا مرکز بن گیا ،لاہور میں 66 فیصد کے قریب کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ۔ کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق دوسرے نمبر پر راولپنڈی میں کورونا وائرس کیسز کی شرح سات اعشاریہ پچاسی فیصد رپورٹ ہوئی جبکہ گجرانوالہ میں کورونا وائرس کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 81 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق
چوتھے نمبر پر سرگودھا میں سب سے زیادہ کیسز ریکارڈہوئے ،سرگودھا میں کورونا کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 49 فیصد ریکارڈکی گئی ،پانچویں نمبر پر لودھراں میں کورونا وائرس کیسز کی 2 اعشاریہ 91 فیصد شرح ریکارڈ کی گئی ،کورونا وائرس کیسز کے حوالے سے فیصل آباد کا چھٹا نمبر رہا ،فیصل آباد میں شرح 2 اعشاریہ اکیانوے فیصد ریکارڈ کی گئی ،ساتویں نمبر پر پشاور، آٹھویں نمبر پر ملتان اور نوویں نمبر پر گجرات میں ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ،کراچی پہلے نمبر سے دسویں نمبر پر چلا گیا ، کراچی میں کورونا وائرس کیسز کی شرح انتہائی کم 1 اعشاریہ 45 فیصد ہوگئی۔دوسری جانب پاکستان میں مئی کے دوران کورونا وائرس تیزی سے پھیلا ،یکم مئی تک ملک بھر میں 18092 کیسز رپورٹ ہوئے تھے ،29 مئی تک ان میں 45 ہزار 571 مریضوں کا اضافہ ہوا ،ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 64028 تک پہنچ گئی ہے ،15مئی تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے کل کیسز کی تعداد 37218 تھی ،صرف 14 دنوں میں ملک بھر میں کرونا کے 26 ہزار 645 مریضوں کا اضافہ ہوا،یکم مئی تک ملک بھر میں کرونا سے ہونیوالی ہلاکتوں کی کل تعداد 417 تھی،15مئی تک 386 ہلاکتوں کے اضافہ کے ساتھ تعدادبڑھ کر 803ہوگئی ،صرف 14 دنوں میں 29 مئی تک ان میں 514 ہلاکتوں کا اضافہ ہوا ،اس وقت ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 1317 تک پہنچ گئی ہے۔