نیویارک(این این آئی )عالمی ادارہ صحت نے سائنسی ماڈلنگ کی مدد سے پیشن گوئی کی ہے کہ بر اعظم افریقہ میں نیا کورونا وائرس ڈیڑھ لاکھ اموات کا باعث بن سکتا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آئندہ بارہ ماہ کے دوران مختلف افریقی ملکوں میں 231 ملین افراد اس وائرس میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یورپ اور امریکا کے مقابلے میں
افریقہ میں انفیکشن ریٹ کم رہے گا جبکہ بیماری کی شدت اور شرح اموات بھی دنیا کے دیگر حصوں سے کم رہنے کا امکان ہے۔ افریقہ میں ساڑھے چار ملین افراد کو کووڈ انیس کے باعث ہسپتالوں میں داخل کرانا پڑ سکتا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے یہ مطالعہ ایسے خدشات کے تناظر میں کرایا کہ ترقی پذیر ملکوں میں کمزور طبی ڈھانچوں کے باعث مقامی آبادیوں کو زیادہ خطرہ لاحق ہے۔