اسلام آباد( آن لائن )کووڈ۔ 19 کی وبا کے دوران نجی کاروباری و صنعتی اداروں میں روزگار کے تحفظ کے لئے تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی روزگار سکیم کے تحت 500 کمپنیوں کی درخواستوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔
بینکوں نے ان درخواستوں کے عوض47 ارب روپے کے قرضہ جات منظور کئے ہیں جس سے مختلف کمپنیوں میں کام کرنے والے 4 لاکھ 50 ہزار ملازمین کو آئندہ تین ماہ کے لئے تنخواہیں ادا کی جائیں گی۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے روزگار کے تحفظ کی سکیم کے تحت نجی اداروں کے ملازمین کو اپریل ، مئی اور جون کی تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے گی۔ ایس بی پی کے مطابق 8 مئی 2020 تک روز گار سکیم کے تحت مختلف کمپنیوں کی جانب سے 1440 قرضے کی درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔کمپنیوں نے مختلف بینکوں کے پاس جمع کرائی گئی ان درخواستوں کے تحت 103 ارب روپے سے زیادہ کے قرضہ کے حصول کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سٹیٹ بینک نے نجی و صنعتی اداروں میں کام کرنے والے کارکنوں کے روزگار کے تحفظ کے لئے کم ترین شرح سود پر قرضہ کی روزگار سکیم متعارف کرائی ہے تاکہ نجی و صنعتی کاروباری اداروں کو وبا کے دوران مالی معاونت فراہم کی جا سکے جس سے ملک بھر کے لاکھوں ورکرز کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔