اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ریکارڈ کمی سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ا س حوالے سے آئندہ 2 سال کیلئے خام تیل کی پیشگی خریداری کی سمری تیار کرلی ،سمری میں سالانہ ڈیڑھ کروڑ بیرل تیل پیشگی خریدنے کی تجویز دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دوسال کیلئے تین کروڑ بیرل ایڈوانس تیل خریدنے کی تجویز دی گئی۔
پٹرولیم ڈویژن نے سمری منظوری کے لئے ای سی سی کو ارسال کر دی ہے۔ سمری کے مطابق پیشگی معاہدوں میں خام تیل کی قیمت موجودہ قیمت سے زیادہ ہو گی، پیداوار میں کمی ہوئی تو خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ سمری کے مطابق تیل خریداری کے پیشگی معاہدے کر کے ملکی زرمبادلہ بچایا جا سکتا ہے۔