دوحا(این این آئی) کورونا وائرس نے قطر میں موجود دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کو کھانے کے لیے بھیک مانگنے پر مجبور کر دیا ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق ایک امیر ملک ہونے کے باوجود کم آمدن والے پریشان مزدوروں کو مالکان کی جانب سے بے سہارا چھوڑ دیا گیا ہے اور وہ ملک چھوڑنے کے قابل بھی نہیں ہیں، مزدوروں کے لیے پچھلے ماہ صورت حال مزید خراب اس وقت ہوئی جب بند ہونے
والی کمپنیوں کو حکومت کی طرف سے اجازت دی گئی کہ وہ مزدوروں کو بغیر تنخواہ کے چھٹی پر بھیج سکتی ہیں یا پھر ان کے کنٹریکٹ ختم کر سکتی ہیں۔کمپنیوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ مزدوروں کو رہائش اور کھانے کی فراہمی جاری رکھی جائے تاہم موجودہ صورت حال سے عیاں ہے کہ ایسا نہیں ہو رہا۔انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے مزدور کیمپوں میں بیماری کے پھیلاو پر کئی مرتبہ تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔