ؒلاہور( این این آئی )لاہور ہائیکورٹ نے کرونا وائرس کی وباء سے جاں بحق ہونے والوں کی تدفین کے لئے الگ قبرستان مختص کرنے کیلئے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے فریقین سے 11مئی کو جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل الرحمان خان نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میںپنجاب حکومت ، سیکرٹری صحت سمیت دیگر کو فریق بنایاگیا ہے ۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو عام شہریوں سے الگ قرنطینہ سنٹرز میں رکھا جارہا ہے جبکہ کورونا وائرس کی وباء سے جاں بحق ہلاک ہونے والوں کی عام قبرستانوں میں تدفین کی جارہی ہے ۔ذاتی زمینوں پر قائم قبرستانوں میں بھی کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین کی جار ی ہے۔ درخواست گزار نے نشاندہی کی کراچی میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین کے لئے الگ سے پانچ قبرستان مختص کئے گئے ہیں ۔ماہرین کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے انتقال کے بعد بھی کورونا وائرس کے اثرات رہتے ہیں،غیرمتاثرہ علاقوں میں متاثرہ میتوں کی تدفین سے وہاں بھی کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات موجود ہیں ۔استدعا ہے کہ کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تدفین کے لئے ضلعی سطحی پر الگ قبرستان مختص کرنے اورتدفین سے متعلق بنائے گئے ایس او پیز کو یقینی بنانے کا حکم دیا جائے ۔درخواست گزار نے کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تدفین کے طریق کار پر عملدرآمد کا جاِئزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل کی بھی استدعا کی ۔