لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں حکومت کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والی ملکی معیشت کی بحالی کے لئے بھر پور کوشش کر رہی ہے اور خصوصی اقتصادی زونز خصوصا علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں سرگرمیوں کی بحالی کے لئے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک جامع حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔
انہوں نے ان یہ بات جمعہ کو چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حماد اظہر نے کہا کہ وفاقی حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بحالی کیلئے بھی سرگرم عمل ہے اور قرضوں کے بہت بڑے چیلنج کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے لاک ڈائون سے متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کورونا وباء کی اس مشکل ترین گھڑی میں قوم کی مدد کے لئے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مراعاتی و امدادی پیکیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کی مدد کے لئے صرف ایک پروگرام ہی کافی نہیں ہے اس لئے حکومت تمام شعبوں کے لئے الگ الگ پروگرام متعارف کروا رہی ہے۔ حماد اظہر نے کہا کہ حکومت اس نازک صورتحال میں عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے عوام کو طبی سہولیات اور خوراک کی فراہمی اس کی اولین ترجیح ہے، اس کے لئے حکومت عالمی بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے 600 ملین ڈالر کی امداد کے جلد اجراء کیلئے کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس لاک میں جن صنعتوں کو کھلا رکھنا انتہائی ضروری ہے ان کے تعین کے لئے تمام صوبے اور وفاق ایک صفحے پر ہیں، ان ضروری صنعتوں کو خام مال اور فراہم کرنے والی صنعتوں کو بھی کھلا رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں حکومت ان صنعتوں میں افرادی قوت کی آمدورفت کو بھی یقینی بنائے گی۔ اس موقع پر فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں کاروباری برادری کی مدد کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ کورونا وائرس وباء کے خاتمے کے بعد
جونہی عالمی مارکیٹیں دوبارہ کھلیں گی پاکستان، خصوصاً سی پیک کے ترجیحی منصوبہ کے طور پر قائم ہونے والے فیڈمک کے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سمیت تمام خصوصی اقتصادی زونز کی تمام برآمدی صنعتیں مزید متحرک ہونگی اور ملک میں اربوں روپے کی غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں فیڈمک کو بھی ضروری امور کی انجام دہی میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
ملک میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے اور برآمدات میں اضافے کے لئے ان منصوبوں کی تکمیل انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے 2 ارب ڈالر کے برآمدی آرڈرز پورے نہیں ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی اقتصادی زون اس لئے انتہائی اہم ہے کیونکہ چینی کمپنیاں نہ صرف یہاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں بلکہ ٹیکنالوجی بھی منتقل کررہی ہیں اور یہاں ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ بھی قائم کر رہی ہیں۔ ان منصوبوں سے ہماری پیداور میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور صنعتی عمل کو فروغ ملے گا۔