اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر سے صحت یاب مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جہاں کرونا متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے وہاں کرونا وائرس کو شکست دے کر گھروں کو جانے والے افراد کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ جمعہ کے روز کرونا وائرس سے مزید 24 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 385 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے
مصدقہ مریضوں کی تعداد 16817 تک جا پہنچی ہے۔ دوسری جانب اچھی خبروں کا سلسلہ بھی جارہی ہے جو پاکستانیوں میں امید کی کرن جگائے ہوئے ہے ۔ پاکستان میں کرونا وائرس کو اب 4315مریض شکست دے کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں ۔ دوسری جانب ملتان اور بہاول پور میں مجموعی طور پر 100 سے زائد مریض کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر گھروں کو چلے گئے ۔ترجمان ضلعی حکومت ملتان کے مطابق قرنطینہ میں مقیم 63 مریضوں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا جس پر انہیں احتیاطی تدابیر کے ساتھ گھروں کو روانہ کر دیا گیا ۔دوسری طرف بہاول پور میں سول ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں زیرِ علاج 42 مریض بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آنے پر اپنے گھروں کو بھیج دیئے گئے سول ہسپتال بہاول پور کے ایم ایس رانا محمد یوسف کے مطابق صحت یاب ہونے والوں کا تعلق خیبر پختون خوا، آزاد کشمیر اور کراچی سے ہے۔واضح رہے کہ پنجاب بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ 6 ہزار 340 ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 106ہو گئی ہیں۔پنجاب میں 4 ہزار 313کورونا کے مریض اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جبکہ 1 ہزار 921 مریض شفایاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔