پشاور (این این آئی)خیبرپختونخوا میں لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر 13ہزار افراد گرفتار کر لئے گئے ،7 ہزار مقدمات کا اندراج ہوگیا۔ نجی ی وی کے مطابق آئی جی خیبر پختونخوا ثنا اللّٰہ عباسی نے کورونا وائرس کے پیش نظر پشاور میں قائم کیے گئے پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں ویڈیو لنک پر صورتحال دیکھی۔
آئی جی پولیس نے ویڈیو لنک کے ذریعے صوبے میں لاک ڈائون کی صورتحال اور اس کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا۔ثنا اللّٰہ عباسی نے کہا کہ صوبے میں حکومتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والے 13 ہزار سے زیادہ افراد کے خلاف قانونی کاروائی کی گئی۔کمانڈ سینٹر میں ویڈیو لنک کے ذریعے صوبے میں لاک ڈاون کی صورتحال، قرنطنیہ مراکز، بازاروں، احساس پروگرام سینٹرز اور مساجد کے حوالے سے سماجی فاصلے سمیت دیگر احتیاطی تدایبر پر نظر رکھی جاتی ہے۔ریجنل پولیس آفیسرز نے آئی جی کے پی کو بتایا کہ صوبے میں چھوٹی مساجد میں نماز تروایح کے حوالے سے چند مشکلات کا سامنا ہے اور اس حوالے سے علماء کو قائل کیا جارہا ہے۔آئی جی نے پولیس افسران کو حکومتی احکامات پر ہر صورت عمل درآمد کرنے کا حکم دیا۔پولیس نے صوبے میں لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر ایک ماہ کے دوران 7 ہزار 352 مقدمات درج کر کے 13 ہزار 978 افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی۔