لاہور( این این آئی )پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے رہنما میاں جاوید لطیف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے پیار محبت سے مجھے پتہ چلا ہے کہ مسائل کا حل نکل آیا ہے ، بنی گالہ میں عمران خان اور شہزاد اکبر نے فیصلہ کیا ہے کہ چار لوگوں کو گرفتار کرلیا جائے تو کشمیر بھی آزاد ہوسکتا ہے ،
اگر چار لوگوں کو گرفتار کرلیا جائے جس میں شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، رانا ثنا اللہ اور جاوید لطیف شامل ہیں تو ملکی مسائل حل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں فیصلہ کیا جائے گا کہ کن کن دنوں میں کس کس کو گرفتار کرنا ہے ،اگر پھر بھی مسائل حل نہ ہوئے تو نواز شریف، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر نیب کے افسران نے مجھے دیکھا اورمیں نے ان کو دیکھا اور کہا آپ بھی ٹھیک ہیں ہم بھی ٹھیک ہیں آپ جائیں،اینٹی کرپشن نے مجھے کلیئر ہونے کا سرٹیفکیٹ دیاتھا اب مجھے لگتا ہے مجھے بھی بنی گالہ سے سرٹیفکیٹ لینا پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی پیشگوئیاں اور سیاست ایکسپائر ہوچکی ہے ،تحریک انصاف کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔