دبئی (این این آئی) دبئی میں مقیم پاکستانیوں کیلئے پاکستانی قونصل خانہ نے کہاہے کہ پی آئی اے نے دبئی سے پاکستان کے لیے خصوصی پروازوں کیلئے ایک طرفہ کرایہ کم کر دیا ہے۔ اتوار کو پاکستانی قونصل خانہ دبئی کے مطابق کسی بھی ٹریول ایجنٹ کو دبئی سے ان پروازوں کے لیے پی آئی اے کے ٹکٹ فروخت کرنے کا اختیار نہیں دیا گیا۔
پاکستانی قونصل خانہ کے مطابق آن لائن رجسٹریشن کی میرٹ لسٹ کے مطابق قونصل خانے سے کال موصول ہونے پر نامزد جگہ سے ٹکٹ خریدے جا سکتے ہیں۔پاکستانی قونصل خانہ کے مطابق دبئی میں مقیم پاکستانی ٹکٹ کے لیے قونصلیٹ تشریف نہ لائیں۔ پاکستانی قونصل خانہ دبئی نے کہاکہ پی آئی اے کے ریٹ سے اضافی وصولی کی صورت میں قونصلیٹ میں شکایت درج کرائیں۔پاکستانی قونصل خانہ دبئی کے مطابق دبئی سے ملتان،اسلام آباد،لاہور اور پشاور کے لیے پی کلاس کا کرایہ 2200 درہم ہے۔پاکستانی قونصل خانہ کے مطابق دبئی سے ملتان،اسلام آباد،لاہور،فیصل آباد اور پشاور کے لیے وائے کلاس کا کرایہ 1660 درہم ہے،دبئی سے اسلام آباد،لاہور،پشاور،فیصل آباد کے لیے کے کلاس کا کرایہ 1110 درہم ہے،دبئی سے کراچی پی کلاس 1990 درہم، وائے کلاس 1550 درہم اور کے کلاس 810 درہم کرایہ ہے۔