کراچی(این این آئی)ماہ صیام قریب آتے ہی کراچی میں منافع خور سرگرم ہو گئے ہیں، لیموں کی قیمت300روپے فی کلو سے تجاوز کرگئی جبکہ کیلا150 روپے فی درجن تک پہنچ گیا۔شہر میں لاک ڈاؤن ہے لیکن دوسری جانب منافع خور لوٹنے میں مصروف ہیں، رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی عوام کو سبزی و پھلوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے سے دن میں تارے میں نظر آنے لگے ہیں۔لیموں 45 روپے اضافے سے 325 روپے کلو
ہوگئے ہیں جبکہ مٹر 120 اور بھنڈی 100روپے کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے، ایک ہفتے قبل 90 روپے درجن بکنے والے کیلے 150 روپے تک پہنچ گئے۔ اس کے علاوہ رواں ماہ مختلف دالوں کی قیمتوں میں 30 روپے کلو تک اضافہ دیکھا گیاہے۔شہریوں نے اس ضمن میں میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ صوبائی حکومت لاک ڈاؤن سخت کرنے میں مصروف نظر آتی ہے جبکہ منافع خور بے لگام ہوگئے ہیں۔