اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے نام اداکارہ میرا نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، میرا اس وقت نیویارک کے ایک ہوٹل میں ہیں، اداکارہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان سے ہاتھ جوڑ کر مدد کی اپیل کی ہے۔
میرا نے کہاکہ وزیراعظم صاحب اس وقت رات کے دو بجے ہیں اور میں نیو یارک میں ہوٹل کے کمرے میں قید ہوں اور آپ سے مخاطب ہوں، میں ہمایوں سعید اور دیگر فنکاروں کے ہمراہ شوز کے سلسلے میں فلم کی شوٹنگ کے لئے یہاں آئی تھی میرے تمام ساتھی واپس جا چکے ہیں اور میں نیو یارک میں پھنس گئی ہوں، میرے پاس جتنے پیسے تھے وہ خرچ ہو چکے ہیں اور کوئی سیونگ نہیں ہے اور میرا گزارہ اب مشکل ہو گیا ہے، نیویارک ایک قبرستان بنتا جا رہا ہے، ہر روز ہزاروں کی تعداد میں اموات ہو رہی ہیں، موت سب کو آنی ہے میں کسی فارن کنٹری میں نہیں مرنا چاہتی، وزیراعظم صاحب آپ نے ہمیشہ ہم آرٹسٹوں کو بہت سپورٹ کیا ہے، دنیا بھر کے ممالک اپنے شہریوں کو وطن واپس لے جا رہے ہیں، میں آپ سے ہاتھ جوڑ کر التجا کرتی ہوں کہ میری وطن واپسی کے انتظامات کئے جائیں، میں اپنے وطن آ کر مرنا چاہتی ہوں۔