اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے سب رقم بھجوائیں۔پیر کوبیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان سمیت دنیا میں کورونا وائرس کا عذاب آیا ہوا ہے،
اس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے معاشی حالات پہلے ہی ٹھیک نہیں تھے جبکہ کورونا وائرس کے ان اثرات سے یہاں غربت بھی بڑھ رہی ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی، وزیراعظم ریلیف فنڈ میں حصہ ڈالیں۔انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی آبادی 30 کروڑ ہے اور وہاں 22 سو ارب ڈالر کا ریلیف پیکج دیا گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان جس کی آبادی 22 کروڑ ہے وہاں ہم نے ابھی تک 8 ارب ڈالر جمع کیا ہے جبکہ جرمنی اور جاپان نے ہم سے نصف آبادی ہونے کے باوجود ایک ہزار ڈالر فی کس کا ریلیف دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آپ کی ضرورت ہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اس میں پیسے بھجوائیں۔آخر میں عمران خان نے کہا کہ ہم اپنے نوجوان، ٹائگر فورس اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مدد سے کورونا کے خلاف جہاد میں کامیاب ہوں گے۔