اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پیش نظر عوام اور کاروباری برادری کو ریلیف دینے کے لیے معاشی پیکیج کی منظوری دیدی۔ پیر کو اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومت کی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا
جس میں کورونا وائرس کے باعث پڑنے والے اثرات اور معاشی پیکیج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کورونا وائرس کے پیش نظر معاشی ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی جس کے تحت ملک بھر میں 70 لاکھ دیہاڑی دار افراد کو 3 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔اجلاس میں برآمد کنندگان کے لیے 200 ارب روپے کا ریلیف پیکج بھی منظور کیا گیا۔وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے بعد کہا گیا کہ وزیراعظم تعمیراتی شعبے کے لیے بھی ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے اور ٹیکس پر بڑا ریلیف دیا جائے گا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے صورت حال پر مسلسل نظر رکھنے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ موجودہ صورت حال میں غریب اور پسے ہوئے طبقے کا خیال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ دیہاڑی دار افراد کو مسائل نہیں ہونے چاہیے۔وفاقی حکومت کی معاشی ٹیم نے وزیراعظم کو ملک کی موجودہ معاشی صورت حال پر بھی بریفنگ دی۔بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں کھانے پینے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی موجودگی پر اظہار اطمینان کیا۔