راولپنڈی(این این آئی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج قومی خدمت اور تحفظ کی ذمہ داری بھرپور طریقے سے ادا کرے گی۔ پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کا اجلاس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ویڈیو لنک کے ذریعے ہوا جس کا واحد ایجنڈا کورونا وائرس سے بچاؤ تھا۔کانفرنس میں کور کمانڈرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے
متعلقہ کور ہیڈ کوارٹرز سے شرکت کی اور اس دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورت حال، اس سے نمٹنے کیلئے سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کی تیاری کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے تمام جوانوں اور میڈیکل وسائل کو تیار رہنے اور مختصر نوٹس پر سول انتظامیہ کی مدد کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ ایک ذمہ دار اور پر عزم قوم کو کوئی چیز بھی شکست نہیں دے سکتی۔