راولپنڈی (این این آئی) شمالی پنجاب حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی ناظمہ ثمینہ احسان نے کرونا وائرس کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اللہ کی طاقت کے سامنے سب طاقتیں بے بس ہو چکی ہیں۔ان حالات میں رجوع الی اللہ کرنا ھوگا۔
کرونا وائرس پوری دنیا میں پھیل رہا ہے،اپنا جسم اپنی مرضی ایک طرف،قوموں اور ملکوں کی مرضی محدود ہوگئی ہے۔امریکہ یورپ اور چین جیسی طاقتیں بے بس ہوگئی ہیں۔فرمان الٰہی ہے ”خشکی اور تری میں فساد برپا ہو گیا لوگوں کے اپنے ہاتھوں کی کمائی سے تاکہ مزہ چکھائے ان کو ان کے بعض اعمال کا شاید کہ وہ باز آجائیں“(روم 41)۔ ہمیں اپنے رب کی بندگی کا اقرار اور اطاعت کا عہد کرنا ھوگا۔ثمینہ احسان نے مزید کہا کہ ہمیں اس وبا کے حوالے سے خوف اور مایوسی پھیلانے سے بچنا چاہیے۔ حفاظتی اقدامات بھی ضرور کرنے چاہیے۔ اس ضمن میں اسلام صفائی اور طہارت کے جو اصول دیتا ہے ان پر سختی سے عمل کرنا چاہیے اور کھانے پینے میں بھی حرام اور حلال کی حدود کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے اس کے علاوہ مسنون اذکار اور اجتماعی استغفار کا خصوصی اہتمام کرنا چاہیے۔انہوں نے میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری کما حقہ پوری کرے اور لوگوں میں حوصلہ پیدا کرے، اس وبا سے نمٹنیمیں لوگوں کی مدد میں اپنا کردار ادا کرے۔