کراچی (این این آئی) شہر قائد میں اغوا ہونے والی لڑکیوں دعا منگی اور بسمہ کے کیس میں تفتیشی اداروں نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسلام آباد سے اغوا کار گینگ کا اہم ملزم گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے شہر قائد میں اغوا کے واقعات میں ملوث گینگ کا سراغ لگا کر اہم ملزم کو گرفتار کر لیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ ملزم کو تکینکی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے
گرفتار کیا گیا۔ذرایع نے بتایا کہ گرفتار ملزم مظفر بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، ملزم کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا، مظفر کا تعلق قوم پرست جماعت سے ہے، گرفتار ملزم کا اغوا کی دونوں وارداتوں میں اہم کردار رہا ہے۔ذرایع نے مزید بتایا کہ تفتیشی ادارے نے کلفٹن کے علاقے میں گھر پر چھاپا مارا تھا، چھاپے کے دوران اہم سراغ ملے جن سے ملزم مظفر کا پتا چلا، جس کے بعد ملزم کو تفتیشی ادارے نے 2 ماہ سے آبزرویشن پر رکھا ہوا تھا، گرفتار ملزم نے دونوں اغوا کی وارداتوں میں تاوان لینے کا بھی اعتراف کیا۔تفتیشی ادارے ملزم مظفر کو کراچی منتقل کر رہے ہیں، پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات تفتیشی ادارے کی تحویل میں، ملزم سے تفتیش کے بعد مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔ دریں اثنا، اب سے کچھ دیر بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی ممکنہ طور پر ملزمان کی گرفتاری سے متعلق پریس کانفرنس کریں گے۔