اسلام آباد(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے وزیراعظم عمران خان سے ہسپتالوں کو آرمی میڈیکل کور کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ کروناوائرس کے علاج کیلئے نامزد ہسپتالوں کو فی الفور آرمی میڈیکل کور کے حوالے کی جائے۔
ایک بیان میں سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ میں وزیراعظم کو بروقت مشورہ دے رہا ہوں تاکہ کروناوائرس پر قابو پایا جا سکے، میں تیزی سے پھیلتے ہوئے کرونا وائرس کیطرف وزیراعظم عمران خان کا توجہ دلانا چاہتا ہوں۔سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ کرونا وائرس کیخلاف نامزد ہسپتالوں میں انتظامات غیر تسلی بخش ہیں، وزیراعظم کو حقائق کے برعکس سب اچھا بتایا جا رہا ہے۔سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ کارونا وائرس کیخلاف نامزد ہسپتالوں میں شاید ہی کوئی طبی یا انتظامی کنٹرول ہو۔سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ فوج طبی نگہداشت کیلئے قومی پلان تیار کرے تاکہ کروناوائرس پر بروقت قابو پایا جا سکے، میں ذاتی طور پر یہ تجویز قومی مفاد و کروناوائرس کے بڑے خطرے کو مد نظر رکھکر دے رہا ہوں۔سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ آرمی میڈیکل کور منظم و تربیت یافتہ ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، آرمی میڈیکل کور نے مالاکنڈ و سوات میں طالبان کیخلاف جنگ میں ہماری بھرپور مدد کی ہے۔