کراچی ( آن لائن ) سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 76 ہوگئی جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی تعداد 94 ہوگئی۔سندھ حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ تفتان سے سکھر آنے والے اب تک 50 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 25 کیسز کراچی اور ایک کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 76 ہوگئی ہے اور 2 مریضوں کو صحت یابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے جب کہ 74 افراد کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ عوام سے احتیاط کی پرزور درخواست ہے، شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، آپ کی حکومت کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے، ہمیں خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا ابھی تک کوئی علاج سامنے نہیں آیا، یہ ایک صوبے یا ایک شہر کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ سب کو مل کر کام کرنا چاہیے، ہم بار بار تفتان بارڈر پر اقدامات کا کہہ رہے تھے۔پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے اور تعداد 94 تک جا پہنچی ہے۔سندھ سے 76، بلوچستان میں 10، اسلام آباد میں 4، گلگت بلتستان میں 3 اور لاہور میں کورونا کا ایک مریض ہے۔