کوئٹہ (این این آئی) کورونا وائرس کے پھیلنے کے خوف سے کوئٹہ شہر ویران ہوگیا، سڑکوں بازاروں میں ہو کا عالم شہریوں نے خوفزدہ ہوکر سرگرمیاں محدود کردیں ایک ماہ کا راش خرید لیا ،تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس پھیلنے کے خوف سے اتوار کوکوئٹہ شہر مکمل طور پر سنسان نظر آیا ہے
بازاروں اور سڑکوں پر لوگوں اور ٹریفک کی آمد و رفت نہ ہونے کے برابر رہی ، اتوار کو اکثر تفریحی مقامات ، پارکوں ، بازاروں ،مارکیٹوں ،ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز میں شہریوں بلخصوص خواتین اور بچوں کا رش رہتا ہے البتہ گزشتہ روز ان تمام مقامات پر لوگوں کی انتہائی کم تعداد نظر آئی شہر کے مختلف مقامات پر واقعہ راشن اسٹورز سے ہفتہ اور اتوار کو شہریوں نے آئندہ ایک ماہ کا راش خرید کر اکھٹا کرلیا شہر میں بیشتر سڑکوں پر راہگیر اور کار و موٹر سائیکل سوار وں کو حفاظتی ماسک لگائے بھی دیکھا گیا ۔شہریوں کا کہنا تھاکہ کوورنا وائرس نے انہیں خوف میں مبتلا کردیا ہے جسکی وجہ سے انہو ں نے سرگرمیوں کو محدود کرنے کے ساتھ ساتھ سودا سلف بھی خرید لیا ہے ۔دوسری جانب سول سیکرٹریٹ ،عدالتوں ، سرکاری دفاتر میں بھی عام لوگوں کے داخلے پر پابند ی عائد کردی گئی ہے جسکی وجہ سے کوئٹہ میں مزید کچھ دن ویرانی نظر آئیگی ۔