لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلی پنجاب سردار عثماب بزدار سے ملاقات کرنے والے اپنے چھ اراکین صوبائی اسمبلی کو شوکاز نوٹسز جاری کر دئیے،مذکورہ اراکین کی پارٹی رکنیت بھی معطل کر دی گئی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکرٹری سردار اویس لغاری نے اس سلسلہ میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اراکین کو 7 دن میں شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جن اراکین کی پارٹی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں پی پی 209 ضلع خانیوال سے محمد فیصل خان نیازی، پی پی 244خانیوال سے محمد ارشد، پی پی 269 ضلع مظفرگڑھ سے اظہرعباس،پی پی 47 ضلع نارووال سے ابوحفص محمد غیاث الدین، پی پی 206 ضلع خانیوال سے نشاط احمد خان، پی پی 57 ضلع گوجرانوالہ سے چوہدری اشرف علی شامل ہیں۔ سردار اویس لغاری کا ارکان کو نوٹس میں کہاکہ 10 مارچ2020 کو وزیراعلی پنجاب سے ان ارکان کی ملاقات کی خبر الیکڑانک اور پرنٹ میں آئی،وزیراعلی پنجاب سے ملاقات میں ان ارکان نے وزیراعلی اور وزیراعظم کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہارکیا،اس سے پہلے بھی ان ارکان نے وزیراعظم سے ملاقات کی جو تحریک انصاف کے چیئرمینہیں،یہ ملاقاتیں کسی قانونی، اخلاقی جواز یا پیشگی اطلاع کے بغیر کی گئیں۔آپ نے انتخابات میں شیر کے انتخابی نشان پر فتح حاصل کی تھی۔پریس ریلیز یا شائع ہونے والی خبر میں دی گئی اطلاعات کی آپ نے تردید نہیں کی۔7 دن کے اندر اس شوکاز نوٹس کا جواب دیں بصورت دیگر ان ارکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ارکان سے پوچھاگیا ہے کہ انہوں نے پارٹی نظم وضبط کی خلاف ورزی کیوں کی؟۔