اسلام آباد (این این آئی)کورونا وائرس کے باعث 23 مارچ کو وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی یوم پاکستان پریڈ منسوخ کر دی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق کورونا وائرس کے باعث 23 مارچ کو وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی یوم پاکستان پریڈ منسوخ کر دی گئی۔یاد رہے کہ ہر سال 23 مارچ کو اسلام آباد میں پاکستان کی مسلح افواج، دیگر فورسز اور تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والی ٹیمیں اپنے اپنے علاقوں کی نمائندگی کرتی ہیں،
اس پروقار تقریب میں صدر مملکت، وزیراعظم، وفاقی وزراء، غیر ملکی سفیر اور مندوبین کے علاوہ مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوتے ہیں،یوم پاکستان کی مناسبت سے ہونے والی تقریب میں پاکستان کے دفاعی سازو سامان کی نمائش بھی کی جاتی ہے اور ملکی ثفاقت کو بھی اجاگر کیا جاتا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر 23 مارچ کو یوم پاکستان کی ہونے والی تقریبات بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 15دن کے لیے تمام بارڈر انٹری پوائنٹس بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہاکہ فیصلہ ہوا ہے داخلی پوائنٹس کو مزید موثر بنایا جائے، اگلے15روز کیلئے تمام باردڑز بند کیے جائیں گے، داخلی راستوں پراقدامات کو مزید سخت کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ طے ہوا ہے کہ ملک میں بڑے بڑے اجتماعات سے گریز کیا جائے اور رائیونڈ اجتماع بھی مختصر کر دیا گیاہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ غیر ضروری سفر سے گریز کیاجائے، فی الحال بین الاقوامی پروازیں صرف کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے اڑیں گی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے پاکستان میں ابھی کورونا کی وبا نہیں پھیلی، قوم پر یشان نہ ہو تاہم کورونا پر احتیاط کی ضرورت ہے، کورونا وائرس پر آگاہی کی مہم لانچ کی جائیگی،صوبے اور مرکز کورونا وائرس پر رابطے جاری رکھیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بارڈرز پر ہمیں گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے، بارڈرز کو اگلے پندرہ روز کے لیے بند کرنا ہوگا، ملک بھر میں بڑے اجتماعات سے پرہیز کیا جائے گا، تمام علما کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، شادی ہالز، سینما گھروں اور دیگر عوامی مقامات پر ہمیں احتیاط کرنا ہوگی۔