لاہور( این این آئی )سمندرپارپاکستانیوں کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقارعباس بخاری نے کہاہے کہ حکومت تارکین وطن کی املاک قبضہ مافیاسے فوری واگزارکرانے کے لئے جلد ایک فاسٹ ٹریک کورٹ قائم کرے گی،حکومت نے اپنے پہلے سال کے دوران تقریباً پچاس ہزار افراد کو روزگارکے لئے بیرون ممالک بھجوایاہے،سیاحت کے فروغ کیلئے بے پناہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں
اور کئی بین الاقوامی کمپنیاں ملک میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے تیارہیں۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سیاحت کی صنعت پرخصوصی توجہ مرکوزکی ہے کیونکہ یہ صنعت پاکستان کی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ذوالفقاربخاری نے کہاکہ پاکستان کواس سال دس اہم سیاحتی ممالک میں شامل کیاگیاہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ پاکستان آنے والے لوگوں کو بہتر مہمان نوازی اور نظم وضبط کے ذریعے سازگارماحول فراہم کیاجائے۔معاون خصوصی نے کہاکہ حکومت مختلف ملکوں کی جیلوں میں قیدسمندرپارمقیم پاکستانیوں کی رہائی کے لئے کوششیں کررہی ہے۔حکومت تارکین وطن کی املاک قبضہ مافیاسے فوری واگزارکرانے کے لئے جلد ایک فاسٹ ٹریک کورٹ قائم کرے گی۔ذوالفقاربخاری نے کہاکہ حکومت نے اپنے پہلے سال کے دوران تقریباً پچاس ہزار افراد کو روزگارکے لئے بیرون ممالک بھجوایاہے۔