لاہور(این این آئی) گرین ٹائون انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شوہر کو آشنا کی مدد سے قتل کر کے ڈکیتی کا رنگ دینے والی مقتول کی بیوی اور ساتھی کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹرانعام وحید خان نے ایس پی صدر انویسٹی گیشن منصور قمر کو دوران ڈکیتی شہری کے قتل کی سنگین واردات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا۔
ایس پی صدر انویسٹی گیشن کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن گرین ٹائون سجاد رشید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ قتل کی سنگین واردات میں ملوث مقتول ضرار خان کی بیوی اور اس کے آشنا عرفان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرین ٹائون پولیس نے دوران ڈکیتی قتل کی واردات میں جائے وقوعہ سے ملنے والے تمام شواہد کا بغور تجزیہ کیا اور سیف سٹی کیمرہ جات ، موبائل فون ریکارڈ سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مقتول ضرار خان کی بیوی سلمہ بی بی کا کردار مشکوک ہونے پر اسے شامل تفتیش کیا تو وہ حقائق کے مطابق پولیس کے سوالات کا جواب نہ دے سکی اور اپنے شوہر کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تین بچیوں کی ماں ہے ۔ اس کا اپنے آشنا عرفان کے ساتھ 18سال سے معاشقہ چل رہا تھا جس سے وہ شادی بھی کرنا چاہتی تھی۔ لہٰذا اپنی مرضی کی شادی کرنے کی دیرینہ خواہش پوری کرنے کیلئے اس نے اپنے آشنا عرفان کے ساتھ مل کر شوہر ضرار خان کو راستے سے ہٹانے کا بھیانک منصوبہ بنایا اورمنصوبہ بندی کے مطابق وقوعہ کی رات اپنے شوہر ضرار خان کو نیند کی گولی دے کر سلا دیا اورآشنا عرفان کے ساتھ مل کر ضرار خان کوگلہ دبا کربے دردی سے قتل کیا اوراپنے آشنا عرفان کو طلائی زیورات اور نقدی وغیرہ دے کر موقع سے بھگا دیا تاکہ قتل کی اس واردات کو ڈکیتی کا رنگ دے سکے۔ ملزمہ سلمہ بی بی کے انکشاف پر اس کے آشنا عرفان، جو پک اَپ چلاتا تھا اور فیکٹری میں چوکیدار تھا کوبھی ریڈ کر کے گرفتار کر لیا گیاہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر نے قتل کی سنگین واردات میںملوث ملزمان کی گرفتاری پرپولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔