اسلام آباد (این این آئی) وزارت خزانہ نے میڈیا کے بعض حصوں میں موجودہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں 100ارب روپے کی کٹوتی کے حوالے سے شائع شدہ خبروں کی سختی سے تردیدکی ہے ۔جمعرات کوترجمان وزارت خزانہ نے بتایا کہ پی ایس ڈی پی میں 100ارب روپے کی مبینہ کٹوتی کی خبر وزارت خزانہ کی جانب سے قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس و محصولات کو دی گئی بریفنگ کو بنیاد بنا کر شائع کی گئی تاہم سیکرٹری فنانس نے
سٹینڈنگ کمیٹی کے مبینہ اجلاس میں نہ ہی پی ایس ڈی پی میں کسی قسم کی کٹوتی کی کوئی بات کی اور نہ ہی ایسا کرنے کا عندیہ دیا۔انہوںنے بتایاکہ در حقیقت فنانس ڈویژن نے موجودہ جاری مالی سال میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی رقومات کے فوری اجراء اور ان کے بروقت خرچ کو یقینی بنانے کے لیے پلاننگ ڈویژن کو بھرپور مدد اور عملی تعاون فراہم کیا ہے اور موجودہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں کسی قسم کی کٹوتی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔