پشاور (این این آئی)پشاور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کیدوران شدید بارشوں سے3 افرادجاں بحق اور6 زخمی ہوگئے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور میں بارشوں کے باعث 3 مکانات کوجزوی نقصان پہنچا۔پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں تیزکرنیکی ہدایت جاری کر دی ۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہی، محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پاڑاچنار میں 14، مردان میں 5، چارسدہ اور ایبٹ آباد میں 7، 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ،سب سے زیادہ بارش ڈی آئی خان میں 27 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔صوبے کے بالائی علاقوں میں برف باری اور ژالہ باری کا بھی سلسلہ بھی جاری رہا اور محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا بھی امکان ہے۔دوسری جانب وادی کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہا جبکہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں سردی میں ایک بار پھراضافہ ہوگیا ہے، قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق دالبندین میں ایک، ژوب میں 3، بارکھان میں 5، تربت، پنجگور اور خضدار میں6، نوکنڈی میں 8، لسبیلہ میں 11، سبی اور جیوانی میں 13 اور پسنی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔