لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) میر شکیل الرحمان جو جنگ اور جیو گروپ کے مالک ہیں انہیں نیب نے گرفتار کر لیا ہے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق میر شکیل پر نواز شریف سے 54 پلاٹ رعایت پر حاصل کرنے کا الزام ہے۔ اس سے قبل پانچ مارچ کو ان سے نیب نے دو گھنٹے تفتیش کی تھی، وہ جمعرات کے روز دوسری بار نیب کے سوالات کے جواب دینے کے لئے پیش ہوئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ غیر قانونی پلاٹوں پر نیب کے سوالوں کے جواب نہیں دے پائے جس کے بعد انہیں نیب نے حراست میں لے لیا۔
نیب ذرائع کے مطابق میر شکیل نے زمین سے ملحقہ گلیوں کو بھی پلاٹس میں شامل کرایا، نیب کے مطابق میر شکیل الرحمان سوالوں کے جواب دینے کے بجائے نیب کو دھمکیاں دیتے رہے، انہوں نے نیب کو دھمکی دیتے ہوئے کہاکہ میں طاقتور ہوں نیب کو سیدھا کر دوں گا۔ نیب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ میر شکیل کے دو گھروں کے بجلی، گیس، پانی کے اخراجات قومی خزانے سے ادا کیے گئے، میر شکیل الرحمان مطمئن نہیں کرسکے، نیب ذرائع کے مطابق ان بیرون ملک فرار ہونے کا امکان تھا۔