کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان کے شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہی زیارت،کان مہترزئی،توبہ اچکزئی،توبہ کاکڑی میں برفباری کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رات گئے زیارت میں برفباری کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی تاہم انتظامیہ نے ٹریفک کو بحال کر دیاگیا برفباری اور بارش کے باعث سردی کی شدت میں مزیداضافہ ہوگیا
کوئٹہ میں گیس پریشر نہ ہونے کے باعث لوگوں کو پریشانی کاسامنا کرنا پڑا تفصیلات کے مطابق وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں پشین،قلعہ عبداللہ،قلعہ سیف اللہ،ژوب،شیرانی،سبی سمیت دیگر علاقوں میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا تاہم زیارت،کان مہترزئی،ہربوئی،رود ملازئی،توبہ اچکزئی،توبہ کاکڑی میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا پہاڑوں نے سفید چادر اوڑ لی زیارت میں رات گئے شدید برفباری کے باعث کوئٹہ زیارت قومی شاہراہ ٹریفک کیلئے بند ہوگئی تاہم انتظامیہ اور لیویز حکام نے قومی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا برفباری اور بارشوں کے باعث سردی ایک بار پھر لوٹ آئی جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کوئٹہ میں بارش اور سردی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں گیس پریشر غائب ہوگئی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 01، قلات میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ،دالبندین میں ایک، گوادر میں13 ڈگری سینٹی گریڈ ،جیونی میں 12، خضدار میں 6، نوکنڈی میں 7ڈگری سینٹی گریڈ،پنجگور میں 4،سبی میں 13،تربت میں 6،ژوب میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز دالبندین میں 12،کوئٹہ، نوکنڈی اور پنجگور میں 2،قلات اور سبی میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی۔