لاہور(نیوز ڈیسک) آسٹریلیا کے صحافی ڈینس فریڈ مین سے لاہور ائیرپورٹ پر پیسے لیے جانے کی ویڈیو سامنے آنے پر وزیراعظم سیکرٹریٹ نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، آسٹریلوی صحافی پی ایس ایل کی کوریج کے لئے پاکستان آئے تھے اور میلبورن واپسی پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے اپنے پیغام میں بتایا کہ
ان سے کیسے لاہور ایئر پورٹ پر ایک اہلکار نے پیسے مانگے اور انہیں افسوس ہے کہ انہوں نے اس صورتحال کو زیادہ بہتر طریقے سے ہینڈل نہیں کیا۔ آسٹریلوی صحافی نے کہا کہ جب وہ ائیر پورٹ کے امیگریشن کاؤنٹر پر اپنے پاسپورٹ پر سٹیمپ لگوانے کے لیے لائن میں کھڑے ہوئے تھے کہ ایک اہلکار ان کے پاس آیا اور انہیں ایک مختلف لائن کے سامنے لے گیا اور سیکنڈوں میں اس کا کام کروا دیا، وہ ان کا سامان بھی لاؤنج میں لے گیا۔ آسٹریلوی صحافی کے مطابق ان سے اس اہلکار نے پیسوں کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ان کے پاس کسی بھی شکل میں جو بھی کرنسی ہے اور جتنی مقدار میں بھی ہے وہ اسے دے دیں، آسٹریلوی صحافی نے کہا کہ اس کے بعد میں نے اسے پیسے دے دیے۔ اپنے پیغام میں آسٹریلوی صحافی نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان کو اس اہلکار کو پیسے دینے کی بجائے متعلقہ حکام کو اس کی کرپشن کی بابت بتانا چاہیے تھا۔ پیسے لئے جانے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کی مدد سے اس اہلکار کی شناخت کر لی گئی ہے جس کا نام عمران ظفر بتایا جاتا ہے۔
My story of corruption in Lahore airport pic.twitter.com/5iUFjqFrxh
— Dennis Baksheesh (@DennisCricket_) March 10, 2020