اسکردو (این این آئی) گلگت بلتستان کے علاقے یلبو میں پہاڑی پر موڑ کاٹتے ہوئے مسافر کوسٹر دریا میں جا گری جس میں سوار تمام 25 مسافر جاں بحق ہوگئے۔ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق نے حادثے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔
قبل ازیں انہوں نے حادثے میں 4 افراد کے زخمی ہونے کا بتایا تھا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔ترجمان نے بتایا کہ اب تک 9 لاشیں دریا سے نکالی جاچکی ہیں اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے حادثے کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق حادثے کا شکار بدقسمت کوسٹر راولپنڈی سے اسکردو جارہی تھی جس میں 25 افراد سوار تھے۔موڑ کاٹتے ہوئے کوسٹر بے قابو ہو کر دریا میں جاگری اور 5 مسافر کوسٹر کے دریا میں گرنے سے قبل اس سے باہر گر کر شدید زخمی ہوئے تھے۔حکام نے بتایا کہ مذکورہ حادثہ علی الصبح پیش آیا۔ آخری اطلاعات تک دریا میں بقیہ لاشوں کی تلاش کا عمل جاری تھا۔اسکردو کے ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے بتایا کہ لاشیں نکالنے کا عمل جاری رہا جنہیں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر اور ایمبولینسز کے ذریعے ہسپتال شفٹ کیا گیا۔