پشاور( آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں اگراسپورٹس نہ کھیلتا تو 22 سالہ سیاست میں مقابلہ نہ کرتا اور بہت پہلے ہارمان جاتا، اگر میں نے مشکل وقت کا مقابلہ کرنا نہ سیکھا ہوتا تو یہ جو حکومت ملی، ڈیڑھ سال میں ہاتھ کھڑے کرکے گھر چلا جاتا اور ہار مان چکا ہوتا۔
پیر کے روز وزیراعظم عمران خان نے انڈر 21 گیمز کا افتتاح کیا ،افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلے سے نوجوانوں کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا، کھیلوں سے انسان صحت مند رہتا ہے اور کھیل آپ کو اپنی زندگی میں مقابلہ کرنا سکھاتے ہیں لہٰذا چیمپئن وہ ہوتا ہے جو ہارنے سے ڈرنے کی بجائے سیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زندگی مقابلے کا نام ہے، ہارنے سے ڈرنا نہیں سیکھنا ہے، انسان تب ہارتا ہے جب وہ ہارمان لیتا ہے، میں اگراسپورٹس نہ کھیلتا تو 22 سالہ سیاست میں مقابلہ نہ کرتا اور بہت پہلے ہارمان جاتا، اگر میں نے مشکل وقت کا مقابلہ کرنا نہ سیکھا ہوتا تو یہ جو حکومت ملی، ڈیڑھ سال میں ہاتھ کھڑے کرکے گھر چلا جاتا اور ہار مان چکا ہوتا۔انہو ںنے مزید کہا کہ زندگی اونچ نیچ کا نام ہے،انسان جب گر کر کھڑا ہوتا ہے توپہلے سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے، اسی طرح جب قوم مشکل وقت کا مقابلہ کرتی ہے تو اور مضبوط ہوتی ہے، آپ اس قوم کا حصہ ہیں جس نے دنیا کی عظیم ترین قوم بننا ہے۔