اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں شیر شاہ سوری روڈ پر سگنل فری روڈ کے افتتاح سے قبل پی ٹی آئی کے مقامی رہنما آپس میں الجھ پڑے۔نجی ٹی وی کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سگنل فری کوریڈور کا افتتاح کرنے پہنچے تو اس موقع پر پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔
افتتاح سے قبل پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عطاء اللہ اور سابق ایم پی اے ثمر علی خان آپس میں الجھ پڑے جس پر دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا بھی تبادلہ ہوا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان تکرار افتتاحی تختی کے قریب کھڑے ہونے پر اس وقت ہوئی جب ثمر علی خان نے ایم این ایز پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ سب کی تصویر آجائے گی۔ثمر علی کے طنز پر عطاء اللہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ آپ کیا چاہتے ہیں ہم یہاں سے چلے جائیں، اس پر ثمر علی خان طیش میں آگئے اور کہا کہ مجھ سے بک بک نہ کرو۔ثمر علی کے جواب پر عطاء اللہ ایڈووکیٹ نے بھی تلخی میں جواب دیتے ہوئے سابق ایم پی اے کو دو ٹکے کا آدمی کہا اور تمیز سے بات کرنے کی تلقین کی۔یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے آج منصوبو ں کے افتتاح کیلئے کراچی جانا تھا لیکن موسم کی خرابی کے باعث وہ نہ جا سکے ، گورنر سندھ نے ان کی جگہ منصوبوں کا افتتاح کیا۔