لاہور( این این آئی) لاہورہائیکورٹ نے لاہور کے تمام سٹورز، بیکریز اور ہوٹلوں پر پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے پولی تھین بیگز کا استعمال مکمل طور ترک کرنے کیلئے 2 ہفتوں کا وقت مقرر کر دیا،اگلے مرحلے میں پنجاب کے دوسرے شہروں میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر پابندی سے متعلق حکم جاری کریں گے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے
شہری ہارون فاروق کی درخواست پر سماعت کی ۔ مشروف ساز کمپنی کی جانب سے سلمان اکرم راجہ اور پانی فروخت کرنے والی کمپنی کی جانب سے فاروق امجد میر پیش ہوئے ۔ محکمہ ماحولیات نے آگاہ کیا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کروا دیا گیا ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ اب لاہور کے تمام چھوٹے بڑے سٹورز پر پولی تھین بیگز کے استعمال پر 2 ہفتوں میں پابندی عائد کی جائے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ، شہر میں کچھ ہوٹلز بھی پولی تھین بیگز کا استعمال کر رہے ہیں۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پیٹ بوتل کا استعمال کم ہو رہا ہے، کیا آپ اس پر عدالت کی معاونت کریں گے۔ جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت کی معاونت مثبت انداز میں کریں گے۔ جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ آئندہ سماعت پر بتائیں کتنی دیر میں پلاسٹک بوتلوں کا استعمال ختم کریں گے۔ فاضل عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔