فیصل آباد(این این آئی) ہوشربا مہنگائی کے ستائے شہریوں کو منافع خور مافیا بھی دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگا‘اشیائے ضروریہ کا مقررہ قیمتوں پر ملنا محال‘پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی صورتحال پر قابو نہ پا سکے‘ضلعی انتظامیہ منافع خوروں کو لگام ڈالنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے‘عوامی سماجی حلقوں کا پر زور مطالبہ۔
تفصیل کے مطابق فیصل آباد بھر میں ہوشربا مہنگائی نے عوام کو دن میں تارے دکھا دیئے اور ستم بالائے ستم یہ کہ پریشان حال لوگوں کو ناجائز منافع خوروں نے بھی لوٹنا شروع کردیا ہے‘ حکومت کی طرف سے مہنگائی پر قابو پانے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کے دعوے بھی پورے نہیں ہو سکے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو بھی تسلی بخش قرار نہیں دیا جا سکتا کیونکہ شہر بھر میں جس طرف دیکھیں مہنگائی کا جن آنکھیں دکھاتا نظر آتا ہے‘ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی بجائے لمبی تان کر سوگئے ہیں جس کے باعث سرکاری نرخنامے کے مطابق اشیاء کی فروخت نہیں ہورہی ‘شہریوں کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کرتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی مصنوعی قلت پیدا کرکے مہنگائی کا بازار گرم کیا جاتا ہے لہذا مہنگائی کا باعث بننے والے تمام اسباب پر غور کرکے کارروائی کی جائے تاکہ منافع خور کیفرکردار تک پہنچیں اور عوام کو ریلیف مل سکے۔