لاہور( آن لائن )اپنا جسم دیکھو جا کے، تھوکتا نہیں ہے کوئی آپ کے جسم پر، تیرے جسم میں ہے کیا، اس پر مرضی چلاتا کون ہے؟ بے حیا عورت کے جسم پر کوئی تھوکتا بھی نہیں ہے، گھٹیا عورت، خلیل الرحمان قمر ماروی سرمد پر برس پڑے تھے۔
تفصیلات کے مطابق نجی نیوز چینل کے ایک لائیو شو میں معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر اور خاتون صحافی ماروی سرمد کے درمیان انتہائی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا جس کے بعد اس پر سوشل میڈیا پر خوب بحث چھڑی ہوئی ہے۔لوگوں کی جانب سے خلیل الرحمان قمر کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسی موقع پر شوبر ستاروں اور میڈیا نمائندگان نے بھی معروف لکھاری کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پیغام جاری کرتے ہوئے شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ نعرے “میرا جسم میری مرضی” میں کسی قسم کا کوئی حرج نہیں ہے۔اگر کسی کا جسم ہے تو اس پر مرضی بھی اسی کی ہو گی۔اس لئے اس نعرے پر کسی کا تنقید کرنا بنتا نہیں ہے۔خلیل الرحمان قمر کو کام ملنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معروف اداکارہ ماہرہ خان نے پیغام جاری کیا ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ ایک ایسے شخص کوکام کیسے مل رہا ہے جس نے لائیو شو میں ایک خاتون کو گالی دی۔پروگرام ختم ہونے کے بعد پروگرام کی اینکر نے بھی سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے نہیں علم تھا کہ یہ تنازع اس قدر شدت اختیار کر جائے گا، میں اپنے ناظرین سے معافی مانگتی ہوں۔یاد رہے کہ اس سے قبل ہیومن راٹس کمیشن نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر سے معافی کا مطالبہ کردیا۔
معافی کا مطالبہ منگل کی رات نجی چینل پر پروگرام کے دوران خلیل الرحمان اور سماجی کارکن ماروی سرمد کے درمیان جھگڑے پر کیا گیا ۔ہومین راٹس کمیشن نے خلیل الرحمان قمر سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیمرا (پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ) خلیل الرحمان قمر کی بدتمیزی کا نوٹس لے اور ذمہ داروں کو سزا دے۔ ہیومن راٹس کمیشن نے موقف اختیار کیا کہ خلیل الرحمان قمر ماضی میں بھی طاہرہ عبداللہ سے بدتمیزی کر چکے ہیں۔