لاہور( این این آئی)ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے ایف آئی اے سے معروف کامیڈین عمر شریف کی بیٹی کے گردے کی غیر قانونی پیوندکاری کرنے میں ملوث ڈاکٹر فواد ممتاز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کردی ۔
ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے لیگل ڈائریکٹر نے آئی جی پنجاب کو بھی خط لکھ کر ڈاکٹر فواد ممتاز کو رہاکرنے والے فیصل آباد پولیس کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔بتایا گیا ہے کہ خط میں مزید کہا گیا کہ اس سلسلے میں قانونی کارروائی کی تا کہ ڈاکٹر فواد کو جتنی جلد ممکن ہو گرفتار کیا جائے کیونکہ وہ گردے کی غیر قانونی پیوندکاری کے دیگر کیسز میں بھی ملوث ہیں۔ہوٹا پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل مرتضی حیدر نے بتایا کہ ایف آئی اے پنجاب کے ڈائریکٹر کو عمر شریف کی بیٹی کے گردے کی غیر قانونی پیوندکاری کرنے پر ڈاکٹر فواد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے خط لکھا ہے۔ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ڈاکٹر فواد نہ تو گردے کی پیوندکاری کرنے کی قابلیت کے حامل سرجن ہیں اور نہ ہی وہ اس مقصد کے تحت اتھارٹی کے پاس رجسٹرڈ ہیں۔بتایاگیا ہے کہ ڈاکٹر فواد ممتاز ایک پلاسٹک سرجن ہیں جبکہ گردے کی پیوندکاری کا عمل کوالیفائیڈ یورولوجسٹ کرتا ہے۔