فیصل آباد (آن لائن)قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے مرکزی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ کیپٹن (ر)محمد صفدر اور صوبائی صدر چوہدری کاشف نواز رندھاوا کے استعفوں کو نامنظور کرتے ہوئے انہیں ان عہدوں پر اپنی خدمات جاری رکھنے اور تنظیم سازی کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلہ میں صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ چوہدری کاشف نواز رندھاوا پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے
اور اس موقع پر یوتھ ونگ کے عہدیداروں کو صوبہ بھر میں تنظیم کو فعال بنانے اور انہیں موثر ذمہ ذمہ داریاں سوپنے کے لئے احکامات بھی جاری کریں گے۔آن لائن کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ چوہدری کاشف نواز رندھاوا نے بتایا کہ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے بھی کہا کہ یوتھ ونگ کو منظم کرنے کے لئے شب و روز انتھک محنتیں کی ہیں۔ان کی اعلی خدمات کے پیش نظر قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف نے انہیں خدمات جاری رکھنے اور یوتھ ونگ کو مزید فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین قربانیاں دینے اور اعلی خدمات انجام دینے والوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔لہذا پارٹی میں خدمات انجام دینے والوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کیپٹن محمد صفدر اور چوہدری کاشف نواز رندھاوا یوتھ ونگ کو زیادہ سے زیادہ مضبوط بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں تاکہ ماضی کی طرح آئندہ الیکشن میں بھی یوتھ ونگ اپنا فعال اور موثر کردار ادا کر سکے۔یاد رہے کہ آج مورخہ 16 فروری چار بجے شام رائلٹین ہوٹل کینال روڈ میں صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ چوہدری کاشف نواز رندھاوا پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔